ڈنگہ : نوٹس دئیے بغیر پلازے سیل کرنا زیادتی ہے، ڈی سیل کر کے مالکان کو ٹائم دیا جائے۔ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو ڈنگہ میں فائر سیفٹی سسٹم نصب کرنے کیلئے نوٹس دیا گیا اور ہفتہ کو چھاپہ مار کر پلازے سیل کر دئیے گئے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی ڈنگہ و سربراہ ڈنگہ کو حق دو تحریک ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ سیل کئے گئے پلازوں کو ڈی سیل کر کے فائر سیفٹی سسٹمز نصب کرنے کیلئے مناسب وقت دے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عمارات کی تعمیر کے وقت سیفٹی سسٹمز بشمول فائر سیفٹی، زلزلہ اور سیلاب سے حفاظت کے اقدامات اور ہنگامی اخراج کے راستوں جیسے حفاظتی اقدامات مکمل کروائے جائیں۔ لیکن بروقت اپنی ذمہ داری پوری نہ کر کے حادثات کے بعد دکھاوے کی بھاگ دوڑ اور نوٹس اور وقت دئیے بغیر عمارات کو سیل کرنا زیادتی ہے۔ ایسے مواقع پر سرکاری اہلکاروں کی طرف سے بلیک میلنگ کے ذریعے رشوت ستانی کی شکایات بھی عام ہیں۔




