نونانوالی ( ڈاکٹر غلام شبیر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے بغیر پیشگی اطلاع ایوننگ شفٹ میں سول ہسپتال جلالپور جٹاں اور رورل ہیلتھ سنٹر دولت نگر کا انتظامی دورہ کیا۔
دورے کے دوران سی ای او ہیلتھ نے سول ہسپتال جلالپور جٹاں میں عملے کی حاضری چیک کی، ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا اور وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈریس کوڈ پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ عملے سے وضاحت طلب کی گئی جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہسپتال میں نظم و ضبط اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
بعدازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ نے رورل ہیلتھ سنٹر دولت نگر کا اچانک معائنہ کیا جہاں عملے کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ ڈیوٹی روسٹر بروقت اپڈیٹ نہ کرنے پر انچارج اور غیر حاضر عملے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے آئندہ ایسی غفلت کسی صورت برداشت نہ کرنے کی واضح ہدایات جاری کی گئیں۔





