اپریل 19, 2026

عمران خان قیدِ تنہائی میں ہیں، معلوم نہیں کس حال میں ہیں: علیمہ خان

بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت قیدِ تنہائی میں ہیں اور ہمیں معلوم نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پرسوں ان کے وارنٹ جاری کیے گئے جبکہ آج جج صاحب خود چھٹی پر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیر تک مہلت کی درخواست کی تھی لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت عدالتی احکامات کو ماننے کو تیار نہیں اور ہمارے پاس کوئی ایسا فورم موجود نہیں جہاں جا کر اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کا کیس جان بوجھ کر نہیں لگایا جا رہا تاکہ انہیں ضمانت نہ مل سکے۔
علیمہ خان نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سندھ حکومت راستے بند نہیں کر رہی، جبکہ پنجاب میں عوامی مینڈیٹ والی حکومت نہ ہونے کی وجہ سے راستے روکے جا رہے ہیں، سندھ حکومت سمجھداری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔