اپریل 19, 2026

کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سندھ کے دورے کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔
سہیل آفریدی نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں بھرپور ساتھ دیں اور جلسے کو کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو ساڑھے چار بجے کراچی میں مزار قائد پر شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے بتایا کہ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا صوبائی وزیر ناصر شاہ سے رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد آج باضابطہ طور پر جلسے کا اجازت نامہ ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔