اپریل 19, 2026

دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ میں دوٹوک اعلان

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور خوارج کو ہمسایہ ملکوں کی جانب سے مدد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان حکومت کی جانب سے ترقی کے فروغ، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیراعظم کمپلینٹ سیل پر درج عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی شدید مشکلات پیدا کیں، تاہم معرکۂ حق میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا ہے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیراعظم کو تعلیم، صحت، گورننس، عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے