غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا اور کیوبا نے گزشتہ ہفتے امریکی فوجی کارروائی کے دوران ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات منظرِ عام پر لا دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کیوبا کی حکومت نے کراکس میں ہونے والی فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اپنے 32 اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں، جبکہ وینزویلا کی فوج نے بھی 23 اہلکاروں کی ہلاکت کی فہرست شائع کی ہے۔
کیوبا ڈیبیٹ میں شائع اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے 32 اہلکاروں میں 21 وزارتِ داخلہ سے تعلق رکھتے تھے، جن میں تین اعلیٰ افسران شامل ہیں، جبکہ باقی اہلکار انقلابی مسلح افواج کا حصہ تھے جن میں اکثریت فوجیوں کی تھی۔ دوسری جانب وینزویلا کی فوج کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 5 ایڈمرل، مختلف رینکس کے 16 سارجنٹس اور 2 فوجی شامل ہیں۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ وینزویلا میں ہونے والی فوجی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے، یہ ہلاکتیں کراکس میں صدر نکولس مادورو کے کمپاؤنڈ پر شدید فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران ہوئیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر کارروائی کی تھی، جس کے بعد امریکی ڈیلٹا فورس صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے کر نیویارک منتقل کر گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکا میں منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔




