دبئی: متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والے ایک دلخراش سڑک حادثے میں چار کمسن بچے اور خاندان کی گھریلو ملازمہ جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ ابوظبی–دبئی ہائی وے کے قریب الشہامہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والا ایک مسلم خاندان لیوا فیسٹیول سے واپس دبئی جا رہا تھا۔
حادثے کے نتیجے میں بچوں کے والدین اور ایک بچہ زخمی حالت میں محفوظ رہے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار بھائی شامل ہیں جن کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جبکہ خاندان کی 48 سالہ گھریلو ملازمہ بھی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے دبئی کے مختلف اسکولوں میں زیرِ تعلیم تھے۔ بچوں کی تدفین متحدہ عرب امارات میں ہی کر دی گئی ہے، جبکہ گھریلو ملازمہ کی میت ان کے آبائی شہر کیرالہ منتقل کی جا رہی ہے۔
حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔




