اکتوبر 30, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاکستانی بیک گراؤنڈ رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں میں مشکلات کا سامنا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستانی بیک گراؤنڈ اور پاکستانی پاسپورٹس رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی 5 ٹیموں کے بورڈز نے اس معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے، تاہم نہ تو آئی سی سی کی جانب سے کوئی واضح جواب دیا گیا ہے اور نہ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ نے کسی قسم کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای، عمان، اٹلی، کینیڈا اور امریکا کی ٹیموں میں ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کا بیک گراؤنڈ پاکستان سے ہے یا جن کے پاس گرین پاسپورٹ موجود ہے۔ ان ٹیموں کے بورڈز نے آپس میں مشاورت شروع کر دی ہے اور اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے اب تک آئی سی سی کو اس حوالے سے کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا گیا، جبکہ ماضی میں بھی پاکستانی بیک گراؤنڈ رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ انہی سابقہ واقعات کے باعث ایسوسی ایٹ ممالک کے بورڈز مزید پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو مزید مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔