کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) سابق ایم پی اے میاں طارق محمود نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملکی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ میاں طارق ہمارے برسوں کے ساتھی ہیں اور میں آج بھی آپ کو اس حلقہ کا ایم پی اے مانتا ہوں۔ انہوں نے میاں طارق کی پارٹی کے لیے خدمات اور قربانیوں کو ضلع گجرات میں سب سے نمایاں قرار دیا۔
وزیر اعظم نے میاں طارق سے ان کے صاحبزادوں میاں شیر افگن اور میاں طاہر محمود کے بارے میں بھی سوال کیا اور کہا کہ انہیں جلد ہی وزیر اعظم ہاؤس بلایا جائے گا۔ اس موقع پر میاں طارق محمود نے وزیر اعظم کی حکومتی پالیسیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ملکی ترقی میں ان کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران باہمی احترام اور پیشہ ورانہ ماحول میں امور زیر غور آئے اور مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔





