اکتوبر 29, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا مظفرآباد میں جدید کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جدید کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کا مقصد خطے کے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ مریضوں کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا کر چکے ہیں، اس لیے انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ وسائل سے محروم افراد کے لیے اس بیماری کا علاج کتنا مشکل اور تکلیف دہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شاندار طبی ادارے کا افتتاح کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے، جو عوام کے لیے بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اسپتال کے قیام سے کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز شہروں میں نہیں جانا پڑے گا، جبکہ مقامی سطح پر جدید علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کینسر میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنا دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں، اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا افراد کا علاج معاشرے کی بڑی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیالوجی اور میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔