وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حقیقی ترقی وہی ہے جس سے ہر غریب محنت کش بھی مستفید ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ریڑھی بان برسوں سے کھلے آسمان تلے کھڑے ہوتے تھے، لیکن آج انہیں چھت مل چکی ہے اور ہر ریڑھی بان فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اس کی اپنی دکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی حکومت کے ’سہولت آن دی گو بازار‘ پروگرام کے تحت ریڑھی بانوں کو 400 سے زائد اسٹالز کی قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹمنٹ کی گئی۔ لاہور میں اس وقت 10 مقامات پر سہولت آن دی گو بازار لگ چکے ہیں، اور فروری تک شہر کے مزید 5 مقامات پر یہ بازار فنکشنل کیے جائیں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق بازار میں پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ مصنوعات ڈی سی ریٹ پر دستیاب ہوں گی، اور رمضان میں ملنے والی سستی اشیاء اب سال بھر عوام کے لیے دستیاب رہیں گی۔ اس اقدام سے غریب عوام کو سہولت کے ساتھ معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔





