وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو پُرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابل قدر اقدامات کیے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم پاکستان کی عظیم بیٹی، سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو شہید کی برسی منا رہے ہیں۔ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت میں رواداری اور ہم آہنگی جیسی مثبت اقدار کو فروغ دیا، سیاسی عمل میں رواداری کی حوصلہ افزائی کی، اور ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث میں حب الوطنی، خواتین کے کردار اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ نمایاں ہیں۔ انہوں نے قربانیوں اور خدمات کے لیے بینظیر بھٹو کو قوم کے لیے مشعل راہ قرار دیا اور عزم کیا کہ رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا۔





