کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) منڈی بہاوالدین میں صحافی کے خلاف درج کیے گئے مبینہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے کے خلاف ضلع منڈی بہاوالدین کے تمام پریس کلبوں اور صحافتی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقدمہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پھالیہ کے مقامی میرج ہال میں منعقدہ اجلاس میں پھالیہ پریس کلب، پاہڑیانوالی پریس کلب، قادرآباد پریس کلب، ہیلاں پریس کلب، ملکوال پریس کلب، تحصیل پریس کلب ملکوال، پریس کلب منڈی بہاوالدین، ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن، منڈی بہاوالدین یونین آف جرنلسٹس اور منگوال پریس کلب کے عہدیداران و ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر ڈی پی او منڈی بہاوالدین عبد الرحیم شیرازی سے مطالبہ کیا گیا کہ پھالیہ کے صحافی میاں عبدالباسط کے خلاف تھانہ پھالیہ میں سابق ایم پی اے کی جانب سے درج کیا گیا مقدمہ فوری طور پر خارج کیا جائے۔ اس حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
صحافی رہنماؤں ظفر عباس انجم، امجد حسین چشتی، مرزا قیصر فاروق، یونس شاہد، فیصل محمود، ظہیر بابر اسد، طارق بھٹی، عاطف محمود شاہد، تجمل محمود جنجوعہ، عابد نوید اسلم اور صفدر ورک سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں اور ایسے ہتھکنڈوں سے صحافیوں کو نہ تو خوفزدہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان کے فرائض منصبی سے روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافی برادری پریس اور سیاستدانوں کے درمیان بہتر تعلقات کی حامی ہے، تاہم آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاہڑیانوالی پریس کلب کے رہنما ظہیر بابر اسد نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کی موقع پر جا کر انکوائری کی جس میں ایف آئی آر کے الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے۔ دوسری جانب امن کمیٹی کے صدر اور سماجی رہنما احسان اللہ گوندل نے بھی واقعے کی تحقیقات کیں اور حقائق و شواہد کو صحافی کے حق میں قرار دیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحافیوں کے تحفظ، آزادی صحافت اور صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں تنویر حسین صابر، مدثر اعوان، ظہیر سیال، طلعت محمود، ڈاکٹر افضال احمد، سید مظاہر حسین زیدی، راجہ باسط، منیر احمد گھمن، مظہر حسین تارڑ، رائے علی زین، عبدالواحد، سید امجد بخاری، واصف زمان بٹ، ساجد نواز گوندل، دیا چوہدری، چوہدری منیر احمد، ملک عنصر اقبال، ڈاکٹر افضال حسین، خواجہ فرحان امجد، شہزاد شیخ، ندیم لبریز شیوہ، عامر شہزاد بھٹی، عادل علی، فیصل محمود منگوال، اعجاز احمد، حکیم محمد ارشد، محمد خالد مرزا، مظہر اقبال تارڑ، مہر عقیل احمد اور دیگر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔





