صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈگری کیس میں نااہل قرار پانے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
صدرِ پاکستان نے یہ منظوری وزیرِاعظم کے مشورے پر دی، جس کے بعد جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور جج تقرری کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا۔
ایوانِ صدر کے مطابق یہ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا، جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری تقرری کے وقت درست ایل ایل بی ڈگری کے اہل نہیں تھے، لہٰذا انہیں فوری طور پر عہدہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈگری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔





