جون 22, 2026

کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات اور ای چالان کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنوں کا اعلان

جماعت اسلامی نے کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات کے نتیجے میں بڑھتی اموات، ای چالان سسٹم اور حکومتی رویے کے خلاف آج شہر بھر میں احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

جماعت اسلامی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کراچی کی بڑی اور مرکزی شاہراہوں سمیت اہم پبلک مقامات پر شام 5 بجے احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نورانی کباب ہاؤس چورنگی، شاہراہ قائدین پر مرکزی احتجاجی دھرنے سے خطاب کریں گے۔

دیگر مقامات میں اسٹارگیٹ شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، تبت سینٹر، موسمیات، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد 10 نمبر، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن نمبر 5 شامل ہیں جہاں دھرنے دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ نظام کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت کراچی میں یہ دھرنے منعقد کیے جا رہے ہیں۔