جون 20, 2026

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا دوٹوک مؤقف، کشمیر بھارت کا نہ کبھی تھا، نہ ہوگا: پاکستانی قونصلر

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے قونصلر گل قیصر سروانی نے بھارت کو دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ انہوں نے بھارتی نمائندے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

پاکستانی قونصلر نے کہا کہ دہشت گردی کی کھلی سرپرستی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف بارہا جارحیت کا مرتکب بھی بھارت ہی رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی ریاست کا یہ طرزِ عمل ایک روگ ایکٹر (Rogue Actor) کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

گل قیصر سروانی نے بتایا کہ شواہد موجود ہیں کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) شامل ہیں، جو پاکستان میں مختلف دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بارہا کی جانے والی جارحیت بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی قونصلر نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی فوری طور پر بند کرے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت حقائق کو دانستہ مسخ کر رہا ہے، جبکہ معاہدے کی کسی شق میں یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی اجازت موجود نہیں۔