جون 15, 2026

پنجاب کا ویسٹ مینجمنٹ پلان دنیا بھر کے اداروں کے لیے قابل تقلید مثال بننے لگا

لاہور: پنجاب حکومت کا ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برمنگھم کے والنٹیئرز گروپ نے صفائی کے لیے پہلی بار پنجاب سے رہنمائی حاصل کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق برمنگھم شہر میں اُبلتے ہوئے کوڑے دانوں اور بار بار ہڑتالوں کے مسئلے کے حل میں ’ستھرا پنجاب‘ ماڈل مؤثر ثابت ہوا۔ پروگرام نے نہ صرف شہر کی صفائی بہتر کی بلکہ مقامی والنٹیئرز کو منظم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

پنجاب کا ویسٹ مینجمنٹ پلان دنیا بھر کے اداروں کے لیے قابل تقلید مثال بن چکا ہے۔ پچھلے سال کوپ 30 میں پاکستان پویلین پر پروگرام کی تفصیلات پیش کی گئیں، جبکہ عالمی جریدے بلوم برگ نے بھی ستھرا پنجاب ویسٹ ٹو ویلیو پروجیکٹ کو ایک کامیاب اور اہم منصوبہ قرار دیا۔

حکومت پنجاب اس ماڈل کو ملک بھر میں توسیع دینے اور دیگر ممالک کے ساتھ اشتراک بڑھانے کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ ستھرا پنجاب نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر شہروں کے لیے صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کا بہترین ماڈل بن چکا ہے۔