کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) گلیانہ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران 3 رکنی "سہیلا گینگ” کو گرفتار کر کے شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا۔
گرفتار ملزمان میں سرغنہ سہیل اعظم ولد محمد اعظم سکنہ پنج وڑیاں، طلعت محمود ولد محمد اکبر سکنہ چک لشکری اور علی شان عرف چھنو ولد مختار احمد سکنہ چک کمال شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا سامان بڑی مقدار اور قیمتی تھا، جس میں تین موٹر سائیکلیں، ایک رکشہ، گھریلو سامان، ٹوکہ مشین اور دیگر آلات و اشیاء شامل ہیں۔ مجموعی مالیت تقریباً 7 لاکھ 14 ہزار 500 روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گینگ متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔ دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں تاکہ جرائم کا جال مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
ڈی پی او گجرات نے تھانہ گلیانہ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا:
"شہریوں کے مال و جان کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانا پولیس کی ترجیح ہے۔”





