اکتوبر 29, 2026

پھالیہ: ٹرالہ اور شاہین بس کے درمیان ٹکر، ٹرالہ ڈرائیور جاں بحق، متعدد مسافر زخمی

پھالیہ (مجزین حسین بلال) تھانہ پھالیہ کے موضع چک مانو نہر پل کے قریب شاہین بس نمبر C-2467 اور ٹرالہ نمبر LXL-8068 کے درمیان شدید ٹکر ہوا، جس کے نتیجے میں ٹرالہ ڈرائیور جاوید اقبال ولد سلطان محمود ساکن قائدآباد تحصیل و ضلع خوشاب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ڈرائیور کی نعش کو THQ ہسپتال پھالیہ منتقل کیا گیا جہاں پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا۔

حادثے کے وقت شاہین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، جبکہ مسافروں کو بھی مختلف چوٹیں آئیں۔ بابر علی ولد غلام عباس سرگودھا کے بائیں کندھے اور بازو پر چوٹیں آئیں، صفیہ تبسم ولد محمد نواز منڈی بہاؤالدین کو بائیں پنڈلی پر زخم آیا، سیدہ ام ارباب زوجہ سید محبوب (رکن) کے بائیں بازو میں فریکچر ہوا اور شہناز بی بی زوجہ محمد نواز (گجرات) کی دائیں ٹانگ زخمی ہوئی۔

عوامی حلقے سڑک کی مرمت میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حادثات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ گذشتہ چار ماہ سے سڑک کی مرمت جاری ہے، مگر اب بھی یہ علاقہ حادثات کا مرکز بنا ہوا ہے جس سے قیمتی جانیں اور گاڑیاں ضائع ہو رہی ہیں۔

تھانہ پھالیہ پولیس نے دونوں گاڑیاں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور متاثرین کے مکمل بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں تاکہ ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔