اکتوبر 30, 2026

تحصیل کھاریاں کا دوسرا بڑا شہر ڈنگہ ایک بار پھر عدم توجہی کا شکار ، الیکٹرک بس سروس سے بھی محروم

ڈنگہ( احتشام اللہ اسلم) تحصیل کھاریاں کا دوسرا بڑا شہر ڈنگہ ایک بار پھر انتظامی غفلت اور عدم توجہی کا شکار ہوگیا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں ہمیشہ نظر انداز کیے جانے والے اس شہر کو اب الیکٹرک بس سروس سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع گجرات کو 28 الیکٹرک بسیں دینے کا اعلان کیا تھا اور ضلعی انتظامیہ سے روٹس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ اہلِ ڈنگہ کو توقع تھی کہ کم از کم گجرات تا ڈنگہ یا کھاریاں تا ڈنگہ کا ایک روٹ ضرور رکھا جائے گا، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ڈنگہ کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا۔

جاری شدہ 6 روٹس میں گجرات تا جلالپور جٹاں، گجرات تا مہم و دولت نگر، گجرات تا لالہ موسیٰ، لالہ موسیٰ تا کھاریاں بسم اللہ چوک، اور بسم اللہ چوک تا کوٹلہ ارب علی خان شامل ہیں۔

شہریوں نے اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات آپریشن کے نام پر ساڑھے پانچ سو سے زائد کاروباری مراکز مسمار کیے گئے، صفائی ٹیکس اور دیگر بلوں کی وصولی میں ڈنگہ ہمیشہ سرفہرست رہا، مگر سہولیات کی فراہمی کے وقت اسے ضلع گجرات کے نقشے سے ہی غائب کر دیا گیا۔

اہلِ ڈنگہ نے اپنے منتخب نمائندوں، ایم این اے اور ایم پی اے سے سوال کیا ہے کہ انہوں نے اپنے حلقے کے لیے یہ بنیادی سفری سہولت حاصل کرنے کی کوئی کوشش کیوں نہیں کی۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈنگہ کو بھی الیکٹرک بس سروس کے منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ عوام کو جدید اور سستی سفری سہولت میسر آسکے۔