لاہور / گجرات ( اورنگزیب عالمگیر شاکر ) صوبائی وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر نے منگل کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں محکمہ کھیل پنجاب کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں سالانہ اسپورٹس کیلنڈر، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
صوبائی وزیر کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کا مقصد سالانہ اسپورٹس کیلنڈر، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی وضع کرنا تھا تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس میں سیکرٹری اسپورٹس و امورِ نوجوانان مظفر خان سیال، ڈائریکٹر جنرل کھیل پنجاب خضر افضل چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی، ڈائریکٹر اسپورٹس رانا ندیم انجم، ڈائریکٹر ایڈمن عباد شوکت اور ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا ندیم شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اعلان کیا کہ انڈر-16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام تحصیل سطح سے شروع کیا جائے گا، جس میں پنجاب کی 150 تحصیلوں سے 26 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پروگرام میں سات کھیلوں – ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، فٹ بال، ہاکی، تائیکوانڈو، والی بال اور ریسلنگ – کو شامل کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر تین ماہ بعد ڈویژن سطح پر تربیتی کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیر کھیل نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو جدید تربیت دے کر قومی سطح پر کھیلنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “با صلاحیت ایتھلیٹس کو بین التحصیل، ضلعی اور ڈویژن سطح پر ایک منظم طریقہ کار کے تحت تلاش کیا جائے گا۔”
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق “سالانہ اسپورٹس کیلنڈر نئے ٹیلنٹ کو نچلی سطح سے سامنے لانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔”
انہوں نے بتایا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت سال بھر میں سات مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا۔ “با صلاحیت کھلاڑیوں کو پنجاب اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی اعلیٰ سطحی تربیت اور مقابلوں میں شرکت پر مکمل توجہ دے سکیں۔”
وزیر کھیل نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ 70 ہزار، 50 ہزار اور 30 ہزار روپے کے وظائف دیے جا رہے ہیں۔





