وفاقی دارالحکومت کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے نے شہر کو لرزا دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
میڈیا کے مطابق دھماکا منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ حملہ آور کے اعضا کچہری کے اندر تک جا گرے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تین گاڑیاں متاثر ہوئیں جن میں ایک سرکاری اور دو نجی گاڑیاں شامل ہیں۔ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر بھی برآمد ہوا ہے۔
زخمیوں میں وکلا، سائلین اور عام شہری شامل ہیں جنہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





