جون 3, 2026

کرسٹیانو رونالڈو نے جارجینا روڈریگز کو شادی کی پیشکش کر دی

فٹبال کی دنیا کے عالمی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی، ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگز کو شادی کی باقاعدہ پیشکش کر دی ہے۔ جارجینا نے انسٹاگرام پر اپنی اور رونالڈو کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی جس میں وہ خوبصورت ہیروں کی انگوٹھی پہنے نظر آئیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے جذباتی کیپشن دیا:
"میں ہاں کہتی ہوں… اس زندگی میں بھی، اور اپنی تمام زندگیوں میں بھی۔”

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، رونالڈو نے جارجینا کو اوول کٹ ڈائمنڈ انگوٹھی کے ساتھ پرپوز کیا، جس کی مالیت مبینہ طور پر 4 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ یہ انگوٹھی اپنی نایاب ڈیزائن اور قیمتی ہیروں کے باعث دنیا کی مہنگی ترین انگیجمنٹ رنگز میں شمار کی جا رہی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ جارجینا نے سوشل میڈیا پر انگوٹھی کی تصویر شیئر کی ہو۔ ماضی میں بھی وہ متعدد بار مختلف انگوٹھیوں کے ساتھ مبہم کیپشن پوسٹ کرتی رہی ہیں، جنہوں نے ان کی اور رونالڈو کی ممکنہ منگنی سے متعلق چہ مگوئیوں کو جنم دیا۔

یاد رہے کہ 2020 میں بھی رونالڈو نے جارجینا کو مشہور برانڈ کارٹیئر کی قیمتی انگوٹھی تحفے میں دی تھی، جس کی قیمت تقریباً 615,000 پاؤنڈز بتائی گئی تھی۔

کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا 2016 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ ان کے دو بیٹیاں ہیں: عالیانہ (7 سال) اور بیلا (2 سال)۔ رونالڈو کے مجموعی طور پر 5 بچے ہیں جن میں سے کچھ سروگیسی کے ذریعے پیدا ہوئے۔

یہ خبر مداحوں کے لیے خوشی کی لہر لے کر آئی ہے اور اب سب کی نظریں اس شاہی شادی کی تاریخ اور تفصیلات پر مرکوز ہیں۔