جون 3, 2026

سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ امریکا، اعلیٰ فوجی اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں

پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی ائیر چیف کا پہلا دورہ ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ائیر چیف نے دورے کے دوران امریکی عسکری و سیاسی قیادت سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی اور عالمی سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ائیر چیف نے پینٹاگون میں امریکی سیکرٹری آف دی ائیر فورس (انٹرنیشنل افیئرز) سے ملاقات کی، اس کے علاوہ ائیر چیف نے امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ تربیت و ٹیکنالوجی کے تبادلے کے امکانات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ ائیر چیف نے امریکا اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور کثیر الجہتی تعلقات پر روشنی ڈالی، دونوں فضائی افواج کے درمیان تربیت اور روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فریقین نے مستقبل میں اعلیٰ سطح کے عسکری روابط جاری رکھنے، مشترکہ تربیت، آپریشنل مشقوں اور دفاعی تبادلوں میں جاری تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ائیر چیف نے امریکی محکمہ خارجہ میں بیورو آف پولیٹیکل ملٹری افیئرز اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز ایرک میئر سے ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کے علاقائی استحکام کیلئے تعمیری کردار، دہشت گردی کے خلاف مضبوط عزم پرروشنی ڈالی جبکہ جنوبی اور وسطی ایشیا میں بدلتی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کیپیٹل ہل میں ائیر چیف نے امریکی کانگریس کے ممتاز اراکین سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور روابط کی اہمیت پر زور دیا، ائیرچیف نے اسٹریٹیجک چیلنجز، علاقائی سکیورٹی فریم ورک اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے دفاعی تعاون پر اثرات پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ائیر چیف نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا اوربدلتی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے سکیورٹی نظریات پر بھی روشنی ڈالی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف کا تاریخی دورہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ میں پاک فضائیہ کے عزم کا عکاس ہے، دورہ پاک امریکا فضائی افواج کے درمیان نئے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کی راہ ہموار کرتا ہے