منڈی بہاؤالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیرصدارت ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں 14 اگست یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے انجمن تاجران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ، سی او میونسپل کمیٹی وقار بھٹی سمیت شہر بھر کی تمام انجمن تاجران کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔ انجمن تاجران کے نمائندوں نے یوم آزادی بھر پور طریقے سے منانے کے حوالے سے اپنی اپنی قیمتی آراء سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان قومی جوش و جزبے سے منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات جن میں پرچم کشائی، تقاریری مقابلہ جات، ٹیبلوز، ملی نغمے، مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ضلع بھر کے سرکاری محکموں، گلیوں، محلوں، بازاروں، سڑکوں اور چوکوں کو پاکستانی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا اور رات کو آتش بازی بھی کی جائے گی۔ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر پاکستانی عظیم شخصیات کے قد آور ہورڈنگ بورڈز آویزاں کئے جائیں گے۔ 13 اور 14 اگست کی رات کو مختلف مقامات پر پروگرامز منعقد کئے جائیں گے اور کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن ہمارے لئے انتہائی اہم ہے۔ اس دن کو بھر پور طریقے سے منانے کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان نسل کو عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے ملک کی جدوجہد سے روشناس کروایا جائے





