منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) منڈی بہاوالدین میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام مقامی میرج ہال میں حج 2024 کے حوالے سے ضلع منڈی بہاوالدین کے عازمین حج کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے 566 عازمین حجاج کرام نے شرکت کی، تربیتی سیشن صبح 9 بجے سے دن ایک بجے تک جاری رہا۔ ماسٹر ٹرینر محمد مدنی نے عازمین حج کو ویڈیوز اور آڈیوز کی مدد سے پاک حج ایپ، حج کے قواعد و ضوابط، طریقہ کار، حاجیوں کو دوران حج درپیش مسائل و مشکلات اور ان کا حل اور دیگر امور پر مکمل تربیت و آگاہی فراہم کی۔ حجاج کرام نے تربیتی پروگرام میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی گل فراز کا کہنا تھا کہ تمام عازمین حجاج کرام سعودی عرب میں قیام کے دوران سعودی قوانین کی مکمل طور پر پابندی کریں اور ملکی وقار کا خاص خیال رکھیں۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر عازمین حج کو تحائف پیش کئے گئے اور ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا –





