سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) صدر ارشد حسین قاضی کی قیادت میں سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر محترمہ سعدیہ ڈوگر سے اہم ملاقات کی، جس میں شہر اور گردونواح کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وفد میں چیئرمین چوہدری ارشد محمد، سینئر صحافی و کالم نگار تصور حسین مرزا، فنانس سیکریٹری احتشام شہزاد، ممبر مرید سلطان اور ممبر حارث راٹھور شامل تھے۔
وفد نے عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے پوران کے ہائر سیکنڈری سکول میں اساتذہ کی کمی، پوران میں غیر فعال سرکاری فری ڈسپنسری کو فعال بنانے، شہری حدود میں چنگ چی رکشوں کے خود ساختہ اسٹاپس کے خاتمے اور منڈی بہاؤالدین روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ہر یوٹرن پر اسپیڈ بریکرز کی تنصیب کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ سرکاری اداروں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، قبرستانوں میں درختوں کی کٹائی اور قبروں کو پہنچنے والے نقصانات، نوتھیہ قریشیاں برساتی نالے کی اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی، شہر میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے، ریڑھی بانوں اور چنگ چی رکشوں کے لیے مخصوص جگہ مختص کرنے اور گورنمنٹ ڈگری کالج کی کینٹین کے ٹھیکے سے متعلق تحفظات بھی پیش کیے گئے۔ وفد نے چھپراں ریلوے پھاٹک کے قریب موٹر سائیکلوں، چھوٹی گاڑیوں اور چنگ چی رکشوں کی آمدورفت کے لیے انڈر پاس کی تعمیر، خانپور کرکٹ گراؤنڈ کی صفائی اور دیگر اہم عوامی مسائل کی جانب بھی اسسٹنٹ کمشنر کی توجہ مبذول کروائی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محترمہ سعدیہ ڈوگر نے بعض مسائل پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کرکے عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ سکولوں اور کالجوں میں درختوں کی کٹائی کے معاملے پر انکوائری کے احکامات بھی صادر فرمائے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ شہریوں کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور مسائل پر ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر صدر سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ کو آگاہ رکھا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ ڈوگر نے سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور عوامی مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر پریس کلب کی صحافتی خدمات کو سراہا۔ سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ کا یہ وفد عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے اپنا صحافتی کردار مؤثر انداز میں ادا کرتا رہے گا۔





