اکتوبر 31, 2026

ضلعی مقابلہ حسنِ قرأت جہلم: جامعہ علوم اثریہ کے طالب علم خالد بن عبدالجلیل کی پانچویں پوزیشن

جہلم (زاہد خورشید) ضلع جہلم کی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام شاندار ضلعی مقابلہ حسنِ قرأت کا انعقاد کیا گیا، جس میں جامعہ علوم اثریہ جہلم کے ہونہار طالب علم خالد بن عبدالجلیل نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔

اس پروقار اور روح پرور تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، جید علمائے کرام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی اور ننھے قراء کے لحن داؤدی سے اپنے دلوں کو منور کیا۔

اس شاندار کامیابی پر جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک خصوصی اور تہنیتی بیان میں کہا: "خالد بن عبدالجلیل کی یہ کامیابی جامعہ کے اساتذہ کی شبانہ روز محنت اور والدین کی مخلصانہ دعاؤں کا ثمر ہے۔ میں اس ہونہار طالب علم، ان کے شفیق اساتذہ اور محترم والدین کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”

حافظ عبدالحمید عامر نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور حکومتِ پنجاب کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ سرکاری سطح پر ایسے مقابلہ جات کا انعقاد لائقِ صد تحسین اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی روحانی محافل کی بدولت معاشرے میں، بالخصوص نئی نسل کے دلوں میں قرآنِ مجید سے محبت، لگاؤ اور تلاوت کا ذوق و شوق پروان چڑھے گا۔