اکتوبر 1, 2026

متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی ابوظبی میں صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی تصدیق

متحدہ عرب امارات نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کے روز ابوظبی کا دورہ کیا اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔ یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے بتایا کہ یہ دورہ اماراتی صدر کی دعوت پر کیا گیا تھا، جبکہ اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو چھ گھنٹے تک متحدہ عرب امارات میں رہے اور ان کی ملاقات کا بنیادی مرکز ایران تھا، جس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان کئی بار ٹیلی فون پر رابطے بھی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں ان رپورٹس پر شدید تنازع جاری ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اماراتی صدر نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے قبل نیتن یاہو کو حماس کے بڑے آپریشن سے خبردار کیا تھا، تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے اس طرح کی کسی بھی پیشگی معلومات کی موصولی کی سختی سے تردید کی ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس مئی میں بھی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے نیتن یاہو کے دورہ یو اے ای اور اماراتی صدر سے ملاقات کا ذکر کیا گیا تھا۔