اکتوبر 1, 2026

فرانس میں اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں اور اساتذہ کی کمی کے خلاف طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کر گیا، سیکڑوں گرفتار

پیرس: فرانس میں اسکولوں کی خراب صورتحال، اساتذہ کی قلت اور خستہ حال عمارتوں کے خلاف طلبہ کے احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر کے مزید اسکولوں تک پھیل گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق احتجاج کرنے والے طلبہ کا کہنا ہے کہ کلاسوں میں گنجائش سے زیادہ طلبہ کو بٹھایا جاتا ہے، اساتذہ کی کمی ہے، جبکہ طویل اوقاتِ کار اور بعض اسکولوں میں شدید گرمی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان مظاہروں کے دوران پولیس اور طلبہ کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جبکہ سیکڑوں نوعمر طلبہ کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز حکومت کی جانب سے ملک کا سال 2027 کا بجٹ پیش کیا جائے گا، جس میں حکومتی مالیات پر دباؤ کم کرنے کے لیے اخراجات میں کٹوتی متوقع ہے۔ ادھر فرانس کے وزیر تعلیم ایڈورڈ جیفری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مظاہروں کے آغاز سے اب تک طلبہ اور اسکول کے عملے سمیت 119 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر اسکولوں کے پرنسپلز اور اساتذہ شامل ہیں۔