اکتوبر 1, 2026

درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکا، 2 سالہ بچے اور 2 خواتین سمیت 12 افراد شہید، 35 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر انسداد اسمگلنگ امن میلہ پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دو سالہ بچے اور دو خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ آر پی او کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک کسٹمز اہلکار بھی شامل ہے، جبکہ دھماکے میں پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت شہری بھی متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے میں 35 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔