اکتوبر 1, 2026

جنوبی افریقا کے دو شہروں میں فائرنگ، 27 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

جنوبی افریقا کے دو بڑے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن میں فائرنگ کے ہلاکت خیز الگ الگ واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے۔ جوہانسبرگ کے جنوب مغربی قصبے میں واقع ایک بار پر نامعلوم مسلح افراد نے رائفلوں اور پستولوں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 17 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسرا اندوہناک واقعہ کیپ ٹاؤن کے ایک انٹرٹینمنٹ وینیو پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 10 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور 11 افراد کو زخمی کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی ڈربن کے ایک گھر میں جاری پارٹی کے دوران بھی فائرنگ سے ایک حاملہ خاتون سمیت 11 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس سے ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد اور امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔