ستمبر 10, 2026

امام احمد رضا خان بریلویؒ کی دینی، علمی اور فکری خدمات پر جامع مسجد یوسف پنجاب کالج کنجاہ میں روح پرور اجتماعپروفیسر ڈاکٹر علامہ محمد امیر القادری کا خطاب

گجرات (نمائندہ خصوصی) جامع مسجد یوسف، پنجاب کالج کنجاہ میں نماز کے بعد ایک عظیم الشان روحانی و علمی اجتماع منعقد ہوا، جس سے ممتاز عالمِ دین پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمد امیر القادری نے خطاب کرتے ہوئے مجددِ اہلِ سنت، عاشقِ رسول ﷺ امام احمد رضا خان بریلویؒ کی جراتِ ایمانی، دینی و علمی خدمات، تصانیف اور عقائدِ اہلِ سنت پر نہایت مدلل اور مفصل اظہارِ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ امام احمد رضا خان بریلویؒ نے عشقِ رسولِ اکرم ﷺ، ناموسِ رسالت، عقیدۂ ختمِ نبوت اور اہلِ سنت کے صحیح عقائد کے تحفظ کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کیے رکھی۔

آپؒ نے فتنوں کا علمی انداز میں تعاقب کیا اور اپنی بے مثال تصانیف کے ذریعے امتِ مسلمہ کی فکری و دینی رہنمائی فرمائی۔ فتاویٰ رضویہ، کنزالایمان اور دیگر سیکڑوں علمی و تحقیقی کتب آپؒ کے علمی مقام کی روشن دلیل ہیں۔علامہ محمد امیر القادری نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ امام احمد رضا خان بریلویؒ کی تعلیمات، عشقِ رسول ﷺ، اتحادِ امت، اعتدال اور اعلیٰ اخلاق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرہ امن، محبت اور دینی شعور کا گہوارہ بن سکے۔

اس موقع پر پنجاب کالج کنجاہ کے پرنسپل پروفیسر دلشاد حسین، چیف ایڈیٹر جی پی آئی نیوز رزاق احمد غفاری ، معروف عالم دین مولانا قاری حفیظ احمد کیلانی اور قاری حافظ محمد بشیر رضا قادری سمیت علمائے کرام، اساتذہ، طلبہ، معززینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔اجتماع کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور عالمِ اسلام میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بعد ازاں شرکائے اجتماع کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔