پورٹ آف اسپین پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی اسپنرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 117 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ ساجد خان اور علی عثمان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ زخمی اوپنر برانڈن کنگ کمر کی تکلیف کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 75 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے 75 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم 24، 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبداللہ شفیق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ پاکستان کے بابر اعظم اور ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، جبکہ پاکستان نے بیرون ملک مسلسل 8 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی۔
