کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) گجرات: یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر گجرات پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کنجاہ چوک گجرات پر شمعیں روشن کی گئیں اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات اختر فاروق اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ، پولیس افسران، سول سوسائٹی، بچوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ان عظیم شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے کہا کہ گجرات پولیس کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا کہ عوام کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور گجرات پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، جرات اور جانفشانی سے انجام دیتی رہے گی۔
یومِ شہدائے پولیس: گجرات میں شہداء کو شمعیں روشن کر کے خراجِ عقیدت پیش، دعائیہ تقریب کا انعقاد
