اگست 4, 2026

جنوبی افریقا کے مائیک اسمتھ کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ بنائے جانے کا امکان

جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور لیول 4 کوچ مائیک اسمتھ کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے، جو اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مائیک اسمتھ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں، جبکہ اس وقت سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق عبوری بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال مئی میں مستقل بیٹنگ کوچ کی تقرری کے لیے باضابطہ اشتہار جاری کیا تھا جس کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون مقرر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اہم سیریز کھیلے گی، جس کے لیے نئی کوچنگ تقرریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔