کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ٹانڈا سے نومنتخب ایم ایل اے چوہدری ذیشان یونس کی شاندار کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کے ایک اہم وفد نے چوہدری عابد رضا کوٹلہ سے ملاقات کی اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں نے اس کامیابی کو عوام کے اعتماد کا بھرپور مظہر قرار دیتے ہوئے نومنتخب نمائندے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ حلقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے احسن کردار ادا کریں گے۔
ملاقات میں وفد میں شامل رہنماؤں عبدالقیوم بھٹی، چوہدری اکرام، ظفر مجید بٹ، چوہدری راشد محمود، چوہدری صہیب بہبلی اور دیگر نے موجودہ سیاسی صورتحال، باہمی امور اور عوامی خدمت کے عزم پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے بیانیے اور عوام کی فلاح و بہبود کی پالیسیوں پر اعتماد نے اس شاندار کامیابی کو ممکن بنایا ہے، جبکہ اس موقع پر تمام شرکاء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی۔
