آزاد کشمیر انتخابات کسی بھی طور پر صاف اور شفاف نہیں تھے ، ن لیگ کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا اعلان

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے دوستوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ اب ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بڑے جلسے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے حالیہ انتخابات کسی بھی طور پر صاف اور شفاف نہیں تھے بلکہ یہ مکمل طور پر دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔ اس سب کے باوجود، عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کو 9 انتخابی نشستوں پر کامیاب کروایا ہے، جس پر وہ عوام کے مشکور ہیں۔

بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میرپور اور مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کی جو نشستیں چوری کی گئی ہیں، وہ ہر صورت واپس دلوائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمت نہیں ہارتی، نہ ہی پیچھے ہٹتی ہے اور نہ ہی کبھی میدان چھوڑ کر بھاگتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ عام انتخابات 2024 کی دھاندلی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں ہو بہو دہرایا گیا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پنجاب اور وفاق میں قائم فارم 47 کی حکومت کی یہ دراصل ایک نئی ‘فارم 47 پلس’ کارروائی ہے، اور پیپلز پارٹی کو ہرانے کے لیے وفاق اور پنجاب کی حکومتوں نے گٹھ جوڑ کر رکھا تھا۔

Exit mobile version