از قلم: فیصل جنجوعہ
ہر سال کبھی گرمی کی شدت، کبھی سردی کی لہر، کبھی بارش، کبھی دھند، کبھی فضائی آلودگی اور کبھی کسی اور وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش معمول بنتی جا رہی ہے۔ بظاہر یہ فیصلے بچوں کی حفاظت کے لیے کیے جاتے ہیں، لیکن ایک سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم اپنی نئی نسل کو حالات کا مقابلہ کرنا سکھا رہے ہیں یا ہر مشکل سے بچ کر بھاگنا؟ یاد رکھیں، دھوپ، چھاؤں، سردی اور گرمی سے ڈر کر گھروں میں چھپ جانے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں۔ ترقی وہ قومیں کرتی ہیں جو بدلتے ہوئے حالات کا سامنا کرنا جانتی ہیں، مشکلات کو چیلنج سمجھتی ہیں اور ان سے سیکھ کر آگے بڑھتی ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ بچوں کی جان اور صحت ہر چیز سے زیادہ اہم ہے، اور جب واقعی غیر معمولی خطرہ ہو تو حفاظتی اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ لیکن اگر ہر مشکل کا واحد حل ادارے بند کرنا بن جائے تو اس کے طویل المدتی اثرات پر بھی سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔
تعلیم صرف کتابیں پڑھنے کا نام نہیں، بلکہ یہ نظم و ضبط، مستقل مزاجی، برداشت، وقت کی پابندی اور مشکل حالات میں ذمہ داری نبھانے کا نام بھی ہے۔ جب بچوں کو بار بار یہ پیغام ملے کہ جیسے ہی موسم سخت ہو یا حالات مشکل ہوں تو گھر بیٹھ جانا بہتر ہے، تو ان کی ذہنی تربیت پر بھی اثر پڑتا ہے۔ وہ یہ سیکھنے لگتے ہیں کہ مشکلات کا سامنا کرنے کے بجائے ان سے بچنا ہی بہترین راستہ ہے۔ دنیا کی ترقی یافتہ قوموں پر نظر ڈالیں۔ شدید برف باری، سخت سردی، تیز بارش یا گرمی کے باوجود وہاں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج نہیں ہوتا۔ حکومتیں حفاظتی اقدامات کرتی ہیں، سہولیات بہتر بناتی ہیں اور شہریوں کو حالات کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دیتی ہیں۔ مقصد صرف خطرے سے بچنا نہیں بلکہ معاشرے کو مضبوط اور باصلاحیت بنانا بھی ہوتا ہے۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں ہر سال تعلیمی کیلنڈر مختلف وجوہات کی بنا پر متاثر ہوتا ہے۔ کبھی گرمی کی چھٹیاں بڑھ جاتی ہیں، کبھی سردی کی، کبھی سموگ اور کبھی دیگر ہنگامی حالات۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان طلبہ کی تعلیمی استعداد، نظم و ضبط اور سیکھنے کے تسلسل کو پہنچتا ہے۔ جب پڑھائی بار بار رکے تو نہ صرف نصاب متاثر ہوتا ہے بلکہ بچوں کی توجہ اور مطالعے کی عادت بھی کمزور پڑ جاتی ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایسے فیصلے کریں جو حفاظت اور تعلیم، دونوں کے درمیان توازن پیدا کریں۔ جہاں ممکن ہو وہاں کلاسوں کے اوقات میں تبدیلی، بہتر وینٹیلیشن، پینے کے پانی، سایہ دار مقامات، موسم کے مطابق حفاظتی انتظامات اور دیگر عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ تعلیمی سرگرمیاں زیادہ سے زیادہ جاری رہ سکیں۔
البتہ جب موسم یا حالات واقعی جان کے لیے سنگین خطرہ بن جائیں تو عارضی بندش ایک مناسب اور ضروری قدم ہو سکتی ہے۔ ہمیں اپنی آنے والی نسل کو صرف امتحانات پاس کرنا نہیں، بلکہ زندگی کے امتحانات کا سامنا کرنا بھی سکھانا ہوگا۔ مضبوط کردار، مستقل مزاجی اور حالات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت ہی قوموں کو ترقی کی منزل تک پہنچاتی ہے. قومیں آرام سے نہیں، عزم سے بنتی ہیں۔ بچوں کو مشکلات سے ہمیشہ بچانا نہیں، بلکہ انہیں دانشمندی، احتیاط اور حوصلے کے ساتھ مشکلات کا سامنا کرنا سکھانا بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
