راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی کے امور پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کے حل کے لیے گڈ گورننس انتہائی ناگزیر ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر داخلہ کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، تاہم اچھی حکمرانی کے بغیر ملکی معاملات درست سمت میں نہیں چل سکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے ان پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اگر مسائل حل نہیں ہو رہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہمیں گڈ گورننس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ اچھی حکمرانی پاکستانی عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں آئین اور قانون سب کے لیے یکساں طور پر برابر ہے، اور "ہارڈ اسٹیٹ” کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست فوج چلا رہی ہے بلکہ اس کا مفہوم یہ ہے کہ تمام معاملات صرف آئین اور قانون کے مطابق چلائے جائیں، لہٰذا ریاست کے ساتھ وفاداری نبھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
