روس کی جانب سے گزشتہ رات یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت متعدد علاقوں پر شدید میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس تباہ کن صورتحال کے حوالے سے یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ روس نے گزشتہ رات یوکرین پر حملوں کے دوران ممکنہ طور پر شمالی کوریا کے تیار کردہ میزائل استعمال کیے ہیں۔
اس سے قبل ایک بین الاقوامی خبر ایجنسی نے بھی اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ حالیہ شبانہ میزائل حملوں میں روسی فوج کی جانب سے ممکنہ طور پر شمالی کوریا کے میزائلوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ روس اس سے پہلے بھی یوکرینی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے شمالی کوریا کے میزائل فائر کر چکا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔
