جولائی 29, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیے کو ایف 35 طیاروں کی فروخت پر اسرائیلی وزیراعظم کا اعتراض مسترد کر دیا

امریکی میڈیا کے مطابق ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ کوئی انہیں یہ نہیں بتا سکتا کہ امریکہ کو کیا فروخت کرنا چاہیے۔ انہوں نے ترکیے کو ایک شاندار اتحادی اور عظیم و طاقتور ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترک صدر اردوان نے شام میں بہت اچھا کام کیا ہے، اگرچہ ترکیے اسرائیل کو پسند نہیں کرتا لیکن اس کے پاس طاقتور فوج اور عسکری قوت موجود ہے۔ رواں ماہ نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی ٹرمپ نے ترکیے پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ترکیے کو دوبارہ ایف 35 طیارے فروخت کرنے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

دوسری جانب، اسرائیل ترکیے کو ایف 35 طیارے دینے کی مخالفت کرتا رہا ہے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا موقف ہے کہ اردوان حکومت کا اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف خطے میں طاقت کا توازن متاثر کر سکتا ہے۔ یاد رہے کہ 2019 میں ٹرمپ کے پہلے صدارتی دور میں ترکیے کی جانب سے روس سے ایس 400 فضائی دفاعی نظام خریدنے پر اسے ایف 35 پروگرام سے خارج کر دیا گیا تھا، تاہم اب امریکی صدر کی جانب سے اس فروخت پر نیتن یاہو کا اعتراض مسترد کیے جانے کے بعد صورتحال میں اہم تبدیلی آ رہی ہے۔