امریکی کانگریس کے ایک وفد نے جس میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا گیا۔ ملاقات کے دوران امریکی وفد کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس دورے کو پاک امریکا مضبوط تعلقات کی جانب خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک بھارت جنگ بندی کے لیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا خصوصی ذکر کیا۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور آنے والے دنوں میں تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ امریکی اراکین کانگریس کے اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا۔




