فرانس کے سابق لیجنڈری کپتان زین الدین زیڈان کو دیدیے دیشامپ کی جگہ فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے، اور وہ 2030 کے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے تک یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔ اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 54 سالہ زیڈان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی ٹیم کی کوچنگ ان کا دیرینہ خواب اور فخر کی بات ہے، اسی لیے گزشتہ پانچ برسوں میں ملنے والی متعدد کلب کوچنگ کی پیشکشیں ٹھکرا دیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس نئے چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
زین الدین زیڈان کا شمار فرانسیسی فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 کا ورلڈ کپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور بطور کوچ ریال میڈرڈ کو مسلسل تین یوئیفا چیمپئنز لیگز اور دو لا لیگا ٹائٹلز جتوا چکے ہیں۔ مئی 2021 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ چھوڑنے کے بعد سے وہ کسی بھی ٹیم کے ساتھ وابستہ نہیں تھے، لیکن اب وہ دیدیے دیشامپ کی جگہ فرانسیسی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔
