گلیانہ (انصر فاروق مغل) معیار فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام عنقریب بھدر کی سرزمین پر ایک عظیم الشان فلاحی منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کی سرپرستی معروف سماجی شخصیت چوہدری حاجی شہباز احمد لادیاں جبکہ براہِ راست نگرانی چوہدری نوید احمد مراڑ پور سرانجام دیں گے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب، یتیم، بے سہارا اور مستحق افراد کی بے لوث خدمت کرنا ہے۔ اس عظیم پروجیکٹ کے تحت ایک ہی چھت تلے یتیم خانہ، اولڈ ہوم، جدید سہولیات سے آراستہ سکول اور ایک میڈیکل سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں تمام بنیادی اور طبی سہولیات ‘فی سبیل اللہ’ یعنی مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔
یہ منصوبہ نہ صرف بے سہارا بچوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی نوید دے گا بلکہ عمر رسیدہ اور بے آسرا بزرگوں کو ایک باعزت اور پرسکون رہائش بھی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے معیاری تعلیم اور مستحق مریضوں کے لیے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے گا، جو ایک ایسا صدقۂ جاریہ ہے جس کے ثمرات آنے والی کئی نسلوں تک پہنچیں گے۔ اہلِ علاقہ نے معیار فاؤنڈیشن کے اس شاندار اور تاریخی اقدام کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے دعا کی ہے۔
