پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی محمد عباس نے تباہ کن آغاز کیا اور برینڈن کنگ، کیوم ہوج اور جسٹن گریوز کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان 3 وکٹوں کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کی 22.81 کی بہترین اوسط کا قومی ریکارڈ توڑ دیا اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں (کم از کم 100 وکٹوں کی شرط کے ساتھ) بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ساتھ محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں بیرونِ ملک 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں، اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل جیسے نامور بولرز بھی شامل ہیں اور ان تمام میں محمد عباس کی اوسط سب سے بہتر ہے۔ واضح رہے کہ ٹروبا ٹیسٹ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
