اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگلے دو ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو موجودہ شرح 11.50 فیصد پر ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سالوں میں مہنگائی کا رجحان نیچے کی طرف رہا ہے اور جولائی سے فروری تک اوسط مہنگائی 5.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جبکہ مالی سال 2027 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے تناسب سے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے۔
جمیل احمد نے مزید بتایا کہ عالمی حالات کے باوجود دسمبر 2026 تک ترسیلاتِ زر 20.20 ارب ڈالر تک رہنے کا اندازہ برقرار ہے۔ برآمدات اور ورکرز کی ترسیلات ہمارے بڑے ذرائع ہیں اور مالی سال 2027 میں حکومتی کوششوں سے برآمدات میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں گزشتہ 4 ماہ سے مسلسل 30 کروڑ ڈالر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال درآمدات میں اضافہ ہوگا لیکن ہمارے انفلوز بھی اچھے رہیں گے، اور تمام بیرونی ادائیگیوں کے باوجود ہم نے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا ہے جبکہ مالی سال 2027 میں مجموعی طور پر 21.5 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔
