جولائی 28, 2026

ایران پر امریکی حملے رکنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ

ایران پر امریکی حملے رکنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو کاروبار کے اختتام پر قیمتیں ایک ہفتے سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 8.42 ڈالر یا 8.7 فیصد کی نمایاں کمی کے بعد 88.36 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جو کہ 17 جولائی کے بعد اس کی سب سے کم ترین سطح ہے۔

دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 6.70 ڈالر یا 7.5 فیصد کمی کے بعد 82.61 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور حملے رکنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے اثرات قیمتوں پر ظاہر ہو رہے ہیں۔