سندھ کے شہر خیرپور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں لالن نہر میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام بچے نہانے کی غرض سے نہر میں اترے تھے جہاں گہرائی زیادہ ہونے کے باعث وہ ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور غوطہ خوروں کی مدد سے چاروں بچوں کی لاشیں نہر سے باہر نکال لی گئیں۔ جاں بحق ہونے والے ان بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، جن کی اچانک موت سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خیرپور کے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے لاڑکانہ میں بھی 3 بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے ایک اور واقعے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنر خیرپور و لاڑکانہ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کریں اور ان کی بھرپور مدد و معاونت کو یقینی بنایا جائے۔
