جولائی 27, 2026

منڈی بہاءالدین پولیس کی شاندار کارروائی: 2 کروڑ سے زائد کا مسروقہ مالِ مویشی برآمد، گینگ گرفتار

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ضلع منڈی بہاءالدین میں مال مویشی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) کامران عامر خان کی خصوصی ہدایات پر DSP/CIA عامر شاہین گوندل کی قیادت میں ایک منظم اور مؤثر آپریشن کے دوران مویشی چور گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 38 عدد مسروقہ مالِ مویشی برآمد کر لیا گیا، جو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ مویشی چوری کی مسلسل شکایات موصول ہونے پر DPO کامران عامر خان نے فوری اقدامات کرتے ہوئے DSP/CIA عامر شاہین گوندل کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس میں انسپکٹر حامد ناصر، سب انسپکٹر آفاق احمد اور سب انسپکٹر تحریم حسن شامل تھے۔

ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور مخبرانِ خاص سے حاصل ہونے والی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف مقامات پر کامیاب چھاپے مارے، جن کے نتیجے میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے 38 عدد مسروقہ مالِ مویشی برآمد کر لیا، جبکہ تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ مالِ مویشی ان کے اصل مالکان کے سپرد کیا جا رہا ہے۔ اس نمایاں کامیابی پر DPO کامران عامر خان نے CIA ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ منڈی بہاءالدین پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، عوام کے مال پر ہاتھ صاف کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔